آزاد کشمیر میں شدید لوڈ شیڈنگ؛ محکمہ برقیات قابو پانے میں ناکام | AJK Desk

 محکمہ برقیات آزاد کشمیر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام۔ شدید سردی اور دھند میں آزاد کشمیر کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ عوام میں شدید غم و غصے کی لہر۔ جگہ جگہ لوگ احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔ اےجےکے ڈیسک کی رپورٹ ملاحظہ کریں۔

آزاد کشمیر میں شدید لوڈ شیڈنگ؛ محکمہ برقیات قابو پانے میں ناکام | AJK Desk

آزاد کشمیر میں محکمہ برقیات غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے، جس کے باعث شدید سردی اور گہری دھند کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب چکے ہیں۔ بجلی کی طویل بندش اور بار بار بجلی جانے اور آنے سے الیکٹرانکس خراب ہونے لگے ہیں۔ بجلی کی بندش نے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کرکے رکھ دی ہے۔ کاروباری سرگرمیوں شدید متاثر جبکہ طلباء اور ہسپتال میں پڑے مریض اور دیگر افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ 

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف شدید دھند اور سردی نے معاملات کو خراب کر رکھا ہے اور دوسری جانب محکمہ برقیات کی بغیر اطلاع کے لوڈشیڈنگ نے ہماری مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ گھروں میں ہیٹرز، گیزرز اور دیگر ضروری برقی آلات کے بند ہونے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی بند ہونے کی وجہ سے شہروں میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔ 

محکمہ برقیات نے موجودہ لوڈشیڈنگ کے بارے میں موقف اختیار کیا ہے کہ منگلا ڈیم میں پانی کی نمایاں کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں شدید رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جبکہ تربیلا پاور سٹیشن میں جاری مرمتی کام کے باعث بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔ حکام کے مطابق اسی وجہ سے میرپور سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں بجلی کی فراہمی کم کردی گئی ہے۔ 

ترجمان محکمہ برقیات کے مطابق آزاد کشمیر میں بجلی سستی ہونے کی وجہ سے صارفین سردی کے موسم میں بجلی کا بےانتہا استعمال کررہے ہیں، جس کی وجہ سے بجلی کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ اسی دباؤ کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ناگریز ہوچکی ہے۔ ہماری صارفین بجلی سے اپیل ہے کہ وہ جتنا ہوسکے بجلی کا استعمال بالخصوص الیکٹرک ہیٹرز کا استعمال کم کریں تاکہ بجلی کی فراہمی اور ترسیل روٹین پر آسکے۔ 

دوسری جانب جاری حالیہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوال شدید غم و غصے کا شکار ہے۔ شہریوں نے محکمہ برقیات کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کی یہ سٹیٹمنٹ ناکافی ہے۔ کم از کم محکمہ برقیات مساوات اپناتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرے تاکہ ہم اپنے معمولات زندگی کی منصوبہ بندی کرسکیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ 

آزاد کشمیر بالخصوص ضلع میرپور اور بھمبر کے دیہی علاقہ جات شہروں کی نسبت زیادہ لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے جگہ جگہ دیہی علاقہ جات کے لوگ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ 

کیا گاؤں دیہاتوں کے لوگ شہری علاقوں کی نسبت بل کم دیتے ہیں کہ یہاں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے؟ ایک شہری کا سوشل میڈیا پر بیان۔ 

آزاد کشمیر میں حالیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام شدید تشویش کا شکار ہے کہ کہیں یہ دوبارہ بجلی مہنگی کرنے کا بہانہ تو نہیں؟ ازاد کشمیر کی گزشتہ انوار الحق حکومت نے بجلی کے نرخ کم کیے اور ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ ان سستے ریٹس پر بجلی فراہم کرنا حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے۔ اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرکے بجلی مہنگی کرنا چاہ رہی ہے۔ اگر ایسا کچھ کیا گیا تو ایک دفعہ پھر پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جو ریاست و عوام کسی کے حق میں بہتر نہیں۔ 

سیاسی و سماجی حلقوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ سنگین لوڈشیڈنگ پر جلد از جلد قابو پایا جائے۔ بجلی کی ترسیل کا نظام اپنی روٹین پر لایا جائے اور محکمہ برقیات اس کے لیے ہنگامی انتظامات کرے، تاکہ شہری اس اذیت ناک صورتحال سے بچ سکیں۔ 

Post a Comment

Previous Post Next Post