آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل اسلام گڑھ کی میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ کے تاجروں کی طرف سے انتظامیہ کو ڈیڈ لائن جاری کردی گئی۔ انجمن تاجران اسلام گڑھ کی پریس ریلیز کے مطابق اگر 28 جنوری 2026 تک میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ کو فائر بریگیڈ 1122 کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی، تو 29 جنوری 2026 کو پورے اسلام گڑھ میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سے اہلیانِ اسلام گڑھ انتظامیہ سے فائر بریگیڈ کی فراہمی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں جسے حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے بالکل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دنوں اسلام گڑھ سٹی میں آتشزدگی کا ایک واقع پیش آیا کہ جب ایک دکان پر آگ بھڑک اٹھی اور فائر بریگیڈ نہ ہونے کی وجہ سے سب کچھ جل کر خاکستر ہوگیا۔ تاجر کا کافی مالی نقصان بھی ہوا اور کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس واقع کے بعد اسلام گڑھ کے باسیوں نے فائر بریگیڈ کے حصول کے لیے تحریک شروع کی۔ جس کے نتیجے میں دسمبر 2025 کے اوائل میں ان کی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ بھی ہوئی۔ انتظامیہ ضلع میرپور نے انہیں فائر بریگیڈ کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔ لیکن حسبِ روایت پھر ٹال مٹول کردی گئی۔
اس کے بعد انجمن تاجران اسلام گڑھ نے 28 دسمبر 2025 کو انتظامیہ ضلع میرپور و تحصیل اسلام گڑھ کے خلاف ہڑتال کی کال دی۔ جسے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع میرپور کی درخواست پر موخر کردیا گیا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع میرپور نے ایک دفعہ پھر فائر بریگیڈ کی فراہمی جلد کرنے کا وعدہ کیا لیکن وعدہ وفا نہ ہوسکا۔
اب کی بار انجمن تاجران اسلام گڑھ نے انتظامیہ سے مزید مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اگر 28 جنوری 2026 تک میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ کو فائر بریگیڈ فراہم نہ کیا گیا 29 جنوری 2026 کو پورا اسلام گڑھ بند کردیا جائے گا۔ انجمن تاجران اسلام گڑھ کی ہڑتال کی اس کال پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی اسلام گڑھ و چکسواری نے بھی بھرپور لبیک کہا ہے۔
اسلام گڑھ تحصیل کا درجہ رکھتا ہے۔ لیکن ابھی تک اسے بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ آخر کیوں؟ انجمن تاجران اسلام گڑھ کا آزاد کشمیر حکومت و انتظامیہ ضلع میرپور سے سوال۔
انجمن تاجران اسلام گڑھ کے صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آمدہ شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی ذمہ دار انتظامیہ ضلع میرپور پر ہے۔ ہم متعدد دفعہ ان کی بات مان کر ہڑتال سے باز رہے لیکن انھوں نے ہمارے مطالبات کو ہوا میں اڑا دیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ ہم انتظامیہ کو 28 جنوری تک کا ٹائم دیتے ہیں کہ وہ ہمیں فائر بریگیڈ 1122 فراہم کریں۔ وگرنہ 29 جنوری 2026 کو اسلام گڑھ مکمل طور پر پہیہ جام و شٹر ڈاؤن کے ذریعے بند کردیا جائے گا۔
