سردار میر اکبر خان کی سیاسی تاریخ | AJK Desk

سردار میر اکبر خان کی سیاسی تاریخ | AJK Desk

سردار میر اکبر خان، جنھوں نے 2011 میں مسلم کانفرنس جماعت سے اپنا سیاسی کیریئر شروع کیا۔ 2016 میں مسلم لیگ ن سے ہوتے ہوئے، 2021 میں تحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد، 2023 میں فارورڈ بلاک میں شامل ہو کر تحریک انصاف کی حکومت کو توڑتے ہوئے، آج دوبارہ پھر مسلم لیگ ن کو پیارے ہوچکے ہیں۔
 
22/12/2025 (AJK Desk)

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سابقہ فارورڈ بلاک ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس کی تصدیق انھوں نے آج ہونے والی پریس کانفرنس میں کی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت سمیت امیر مقام کی موجودگی میں انھوں نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کو دوبارہ جوائن کرلیا۔

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 - 3 (باغ شرقی) سے مسلسل تین دفعہ ممبر اسمبلی منتخب ہونے والے سردار میر اکبر خان کی سیاسی تاریخ کیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

سردار میر اکبر خان نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 2011 میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر کیا۔ الیکشن 2011 میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بطور ممبر اسمبلی انھوں نے پانچ سال اپنی خدمات سر انجام دیں۔

الیکشن 2016 سے قبل سردار میر اکبر خان نے مسلم کانفرنس کو خیر آباد کہا اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر میں شامل ہوئے۔ 2016 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور دوبارہ جیتے۔ اس عرصے میں ان کو مسلم لیگ ن کی حکومت میں انھیں جنگلات کا قلمدان سونپا گیا اور وہ حکومتی مدت پوری ہونے تک وزیر جنگلات رہے۔

الیکشن 2021 کے قبل ایک دفعہ پھر سردار میر اکبر خان نے اپنی راہیں جدا کیں اور مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر تب کی ٹاپ ٹرینڈ جماعت پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کرلی۔ 2021 کے الیکشن میں تیسری دفعہ کامیاب ہوئے اور سردار تنویر الیاس کی قیادت میں ایوان میں بیٹھے۔ اپریل 2023 میں تحریک انصاف حکومت کے خلاف فارورڈ بلاک میں شامل ہوئے اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں پیش ہونے والی عدم اعتماد میں اپنا ووٹ تحریک انصاف مخالف ڈالا اور دوبارہ حکومت میں بیٹھے۔ اس دوران انہیں زراعت، آبیاشی، و سمال ڈیمز کی وزارت سونپی گئی اور دو سال وزیر زراعت، آبیاشی و سمال ڈیمز رہے۔
2025 میں آپ ایک دفعہ پھر عدم اعتماد کا حصہ بنے اور انوار الحق حکومت کا تختہ پلٹا۔ اور اب وہ بطور ممبر اسمبلی سردار فیصل ممتاز راٹھور کی حکومت میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

کافی عرصے سے افواہیں گردش کررہی تھیں سردار میر اکبر خان ایک دفعہ پھر اپنی سابقہ جماعت مسلم لیگ نواز میں جانے والے ہیں۔ لیکن ان کی طرف سے باضابطہ بیان نہ آیا۔ لیکن آج مورخہ 22 دسمبر 2025 کو آپ نے باقاعدہ ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر و پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی انھوں نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔

سردار میر اکبر خان کی سیاسی تاریخ | AJK Desk

میں اپنے گھر واپس آیا ہوں۔ سردار میر اکبر کا  بیان۔
مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر قیادت نے سردار میر اکبر خان کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہا اور ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post