بھمبر: نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی 28 ستمبر 2026، بروز پیر، اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی دعوت پر بھمبر کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کی آمد اور استقبال کے سلسلے میں اسپیکر اسمبلی چوہدری طارق فاروق بھی بھمبر پہنچ چکے ہیں اور انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کا مختلف مقامات پر استقبال کیا جائے گا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعظم بیرسٹر افتخار علی گیلانی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا سرکاری دورہ بھمبر کا کریں گے۔ دورے کے دوران وہ زیرِ تعمیر اسٹیٹ آف دی آرٹ دانش اسکول منصوبے کا جائزہ لیں گے اور متعلقہ حکام سے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔
دورے کے دوران ضلع بھمبر کے لیے آئندہ 100 روزہ تعمیر و ترقی کے پیکجز کے اعلان اور مختلف اہم منصوبوں سے متعلق حکمتِ عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔ ان منصوبوں میں صحت، تعلیم، فلاحی امور، سرکاری دفاتر کی تعمیر، گرین بس سروس، ستھرا کشمیر، بہبود و آبادی اور دیگر اجتماعی مفاد کے منصوبے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع بھمبر میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات، بالخصوص بابا شادی شہید دربار تک سڑک کی اپ گریڈیشن کے اعلان کی بھی توقع ہے۔
اسپیکر اسمبلی چوہدری طارق فاروق کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بھمبر شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے بھی احکامات جاری کریں گے۔ اس کے علاوہ دانش اسکول سے ملحقہ آبادی کو باقاعدہ راستہ فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔
وزیراعظم کے دورۂ بھمبر کے شیڈول میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بھمبر اور چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ بھی شامل ہے۔

0 Comments