سابق صدر آزاد جموں کشمیر کی مسلم لیگ (ن) میں شرکت؛ 25 سالہ اتحاد ٹوٹ گیا | AJK Desk

 اےجےکے ڈیسک - 18 مئی 2026

بھمبر آزاد کشمیر - حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 

آزاد کشمیر کے حلقہ بھمبر میں سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان اور سابق سینیئر منسٹر چوہدری صحبت علی (مرحوم) کے خاندان کے درمیان گزشتہ 25 سال سے قائم سیاسی اتحاد ٹوٹ گیا۔ سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان اور ان کے صاجزادے سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین آج باقاعدہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کریں گے۔

سابق صدر آزاد جموں کشمیر کی مسلم لیگ (ن) میں شرکت؛ 25 سالہ اتحاد ٹوٹ گیا | AJK Desk

تفصیلات کے مطابق آج بتاریخ 18 مئی 2026 کو سابق صدر آزاد کشمیر کے صاجزادے سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ بابر علی ذوالقرنین بھمبر میں منعقد جلسے میں باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کریں گے اور حلقہ بھمبر سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار برائے اسمبلی، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق کی حمایت کا اعلان کرینگے۔ 

یہ جلسہ بھمبر میں دیوانِ خاص مارکی میں بوقت شام 4 بجے منعقد ہوگا۔ اس شمولیتی پروگرام میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ سطح قیادت جس میں امیر مقام، چوہدری عابد رضا کوٹلہ، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر خان، اور دیگر شرکت کرینگے۔ اس موقع پر راجہ بابر علی ذوالقرنین اپنی برادری اور حمایتیوں کے ہمراہ چوہدری طارق فاروق کے قافلے میں شرکت کرینگے۔ 

اس سے پہلے راجہ بابر علی ذوالقرنین گزشتہ چار انتخابات سے سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے اتحادی رہ چکے ہیں۔ ان دو خاندانوں کا اتحاد 2001 میں معرضِ وجود میں آیا جب ایک نعرہ؛

"سانجھے سکھ تے سانجھے چین - صحبت علی تے ذوالقرنین" 

پوری آزاد کشمیر ریاست میں گونجا اور اپنی مثال آپ رہا۔ 

لیکن جب سے سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق 2021 کا انتخاب جیتے اور پہلے سپیکر اور پھر وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے، یہ اتحاد دن بدن کمزور ہوتا ہوا بالآخر آج اپنے انجام کو پہنچا۔ 

سابق ممبر کشمیر کونسل اور راجہ ذوالقرنین خان کے فرزند راجہ بابر علی ذوالقرنین نے اپنے بیان میں کہا کہ چوہدری انوار الحق نے اقتدار میں آنے کے بعد انھیں اور ان کی راجپوت برادری کو برے طریقے سے نظر انداز کیا۔ جس کی وجہ سے وہ اپنی برادری کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئے۔ 

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) پاکستان و آزاد کشمیر کی قیادت ایک وفد کی شکل میں اسلام آباد سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان سے ملاقات کرچکی ہے جس میں انھوں نے راجہ بابر علی ذوالقرنین کو مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دی۔ جس کے نتیجے میں راجہ بابر علی ذوالقرنین نے اپنی برادری اور ووٹرز کے ساتھ بیشتر مشاورتی اجلاس کرکے مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کا فیصلہ کیا۔

سابق صدر آزاد جموں کشمیر کی مسلم لیگ (ن) میں شرکت؛ 25 سالہ اتحاد ٹوٹ گیا | AJK Desk
مسلم لیگ (ن) کے عمائدین کی اسلام آباد راجہ ذوالقرنین خان کی رہائش گاہ پر دورے کی تصویر۔

حلقہ ایل اے 07 کے ماہرین کے مطابق اگر راجہ بابر علی ذوالقرنین اپنا ووٹ بینک چوہدری طارق فاروق کی جھولی میں ڈالنے میں کامیاب ہوگئے تو حلقہ بھمبر کا انتخابی فیصلہ قبل از الیکشن ہی چوہدری طارق فاروق کے حق میں ہوجائے گا۔ 

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نے راجہ بابر علی ذوالقرنین کی (ن) لیگ میں شمولیت کو خوش آئند کہا اور اسے چوہدری طارق فاروق کی الیکشن میں جیت کی نوید قرار دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post