وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورۂ بھمبر، غربی بھمبر کے لیے الگ تحصیل کا اعلان | AJK

وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورۂ بھمبر، غربی بھمبر کے لیے الگ تحصیل کا اعلان

وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورۂ بھمبر، غربی بھمبر کے لیے الگ تحصیل کا اعلان | AJK Desk

بھمبر، آزاد کشمیر - خصوصی رپورٹ (AJK Desk)

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے بھمبر کا سرکاری دورہ کیا، جہاں اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی قیادت میں مختلف مقامات پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
دورۂ بھمبر کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے حکومت پاکستان کے زیر اہتمام سٹیٹ آف دی آرٹ دانش اسکول بھمبر کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور بھمبر کی صحافی برادری سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں، جہاں انہوں نے نومنتخب حکومت کے ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے ضلع بھمبر میں مختلف شعبہ جات کے حوالے سے 100 روزہ تعمیر و ترقی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا، جن کا مقصد ضلع میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔
دورے کے دوران بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر اور چنار فری ڈائیلاسز سینٹر بھمبر کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دورۂ بھمبر کا اہم ترین اعلان غربی بھمبر کے لیے الگ تحصیل کے قیام کا تھا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اسپیکر اسمبلی چوہدری طارق فاروق اور سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کے صاحبزادے اور مرکزی نائب صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ بابر علی ذوالقرنین کی تجویز اور درخواست پر بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر غربی بھمبر کو الگ تحصیل بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔
دورے کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ بھمبر پہنچے، جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مقامی عمائدین، عہدیداران اور کارکنان سے ملاقات کی اور ایک پروقار تقریب سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا کہ وہ بھمبر کسی روایتی سرکاری دورے پر نہیں آئے، بلکہ بھمبر کے ساتھ ان کا دیرینہ تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف آزاد کشمیر کے وزیراعظم ہی نہیں بلکہ حلقہ بھمبر کے منتخب رکن قانون ساز اسمبلی بھی ہیں اور بھمبر کی محرومیوں اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے عمائدین، وزرائے حکومت، ممبران اسمبلی اور ضلع بھر سے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کی بھمبر آمد پر ان کا خیرمقدم کیا اور دورے پر اظہارِ تشکر کیا۔
(تصاویر: نوید فوٹوگرافی بھمبر)

Post a Comment

0 Comments