وزیراعظم آزاد کشمیر نے زکوٰۃ کونسل توڑ دی، 3 ہزار افراد کی فراغت کا عمل شروع | AJK Desk

مظفرآباد:

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے حکومتی اخراجات میں کمی، ادارہ جاتی اصلاحات اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے صوابدیدی عہدوں پر تعینات افراد کی فراغت کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے تحت زکوٰۃ کونسل سمیت مختلف صوابدیدی عہدوں پر تعینات تقریباً 3 ہزار افراد کو فارغ کیے جانے کے اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے زکوٰۃ کونسل توڑ دی، 3 ہزار افراد کی فراغت کا عمل شروع | AJK Desk

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر زکوٰۃ کونسل کے چیئرمین اور ممبران کی فراغت کے علاوہ آزاد کشمیر کے دس اضلاع میں تعینات چیئرمینوں، حلقہ چیئرمینوں اور مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے تقریباً 2300 چیئرمینوں کی تعیناتیوں کو بھی ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کی جانب سے ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین علماء و مشائخ کونسل، کونسل کے ممبران اور کوآرڈینیٹر تجویر القرآن کی فراغت سے متعلق بھی اقدامات جاری ہیں، جبکہ مختلف صوابدیدی عہدوں پر ہونے والی تعیناتیوں کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ زکوٰۃ و عشر کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات اور ڈاؤن سائزنگ پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ کے 256 ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد محکمہ کے انتظامی اخراجات میں کمی اور ادارے کو زیادہ مؤثر انداز میں چلانا ہے۔

حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے میں احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن کے اداروں کو فعال بنانا بھی شامل ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت حکومتی اخراجات میں کمی، ادارہ جاتی اصلاحات، انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے اور خود انحصاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ حکومت کے مطابق اصلاحاتی اقدامات کا مقصد سرکاری وسائل کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد کے منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوابدیدی عہدوں پر تعینات افراد کی فراغت اور محکمہ زکوٰۃ و عشر میں ڈاؤن سائزنگ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے آئندہ چند روز میں مزید انتظامی اقدامات متوقع ہیں۔

Post a Comment

0 Comments