لاہور میں مسلم لیگ (ن) کا اہم ہنگامی اجلاس کل طلب، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمتِ عملی پر غور ہوگا۔
لاہور (خصوصی رپورٹ): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے لیے 17 جون 2026ء بروز بدھ لاہور میں پارٹی کا ایک اہم ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت، وفاقی وزراء اور سینئر رہنما شریک ہوں گے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر سے بھی پارٹی کی اعلیٰ قیادت خصوصی طور پر شرکت کرے گی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان، جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق اور سینئر رہنما مشتاق منہاس سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی تازہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں متوقع عام انتخابات کے تناظر میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمتِ عملی، امیدواروں کے انتخاب، انتخابی مہم اور سیاسی اتحادوں سے متعلق اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اجلاس آزاد کشمیر کی سیاست کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) خطے میں اپنی سیاسی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے اور آئندہ انتخابی معرکے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی قیادت مرکزی قائدین کو زمینی حقائق، سیاسی رجحانات اور عوامی مسائل سے آگاہ کرے گی، جس کی روشنی میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور پارٹی پالیسی کے اہم خدوخال طے کیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ اجلاس کے بعد پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے سیاسی مستقبل اور انتخابی تیاریوں سے متعلق اہم اعلانات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

0 Comments