آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ، محکمہ جنگلات کے عارضی ملازمین مستقل | AJK Desk

 محکمہ جنگلات کے ایڈہاک و عارضی ملازمین مستقل، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں تقریبِ اظہارِ تشکر۔

آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ، محکمہ جنگلات کے عارضی ملازمین مستقل | AJK Deskمظفرآباد: حکومت آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ جنگلات کے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا تاریخی فیصلہ کر دیا، جس کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں ایک تقریبِ اظہارِ تشکر منعقد کی گئی۔ تقریب میں محکمہ جنگلات کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کی مستقلی کا فیصلہ انہوں نے اپنے والد مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی برسی کے موقع پر بطور تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ ہے اور اسی منشور کی روشنی میں ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی ملازمین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ مستقل کیے جانے والے ملازمین میں محکمہ جنگلات کے بیلدار اور چھوٹے گریڈز کے دیگر ملازمین شامل ہیں، جو طویل عرصے سے مستقلی کے منتظر تھے۔

تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے ملازمین نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر جنگلات آزاد کشمیر سردار جاوید ایوب کا شکریہ ادا کیا۔ ملازمین نے دونوں رہنماؤں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے ایک سابق ایڈہاک ملازم نے کہا کہ ان کی مستقلی کا مطالبہ سال 2008 سے حکومتی سطح پر زیر غور تھا، تاہم کوئی حکومت اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے تیار نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عارضی اور ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا، جس پر وہ ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔

انہوں نے بالخصوص وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس اقدام سے سینکڑوں ملازمین اور ان کے خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments