راولاکوٹ دھرنا: پولیس کا کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ، شرکا کو آج رات تک مقام خالی کرنے کی مہلت دے دی گئی۔ آئی جی آزاد کشمیر پولیس کی طرف اے پریس ریلیز جاری۔
راولاکوٹ (خصوصی رپورٹ) آزاد کشمیر پولیس نے راولاکوٹ میں جاری ایکشن کمیٹی کے دھرنے کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز اور نوٹیفکیشن کے مطابق دھرنے میں شریک افراد کو آج رات تک دھرنا گاہ خالی کرنے کی مہلت دی گئی ہے، بصورت دیگر کل بروز منگل، 16 جون 2026 سے پولیس باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کرے گی۔
پولیس حکام کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راولاکوٹ میں جاری دھرنے کو ہر صورت ختم کروایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اگر دھرنا شرکا مقررہ وقت تک مقام خالی نہیں کرتے تو پولیس قانون نافذ کرنے کے لیے کارروائی کرے گی، جس میں لاٹھی چارج سمیت دیگر قانونی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق دھرنے میں شریک افراد کو واضح تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر دھرنا ختم کر کے مقام خالی کر دیں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ کارروائی گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں اور قانون کے مطابق ایف آئی آرز کا اندراج کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون شکنی یا ریاستی احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیے جانے والے افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل کرنے، پاسپورٹ بلاک کرنے اور دیگر قانونی پابندیاں عائد کرنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز اور نوٹیفکیشن ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنماؤں اور کور کمیٹی کے ارکان تک پہنچا دیا گیا ہے، جس میں انہیں آخری بار متنبہ کیا گیا ہے کہ آج رات تک دھرنا ختم کر دیا جائے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب دھرنے کے منتظمین کی جانب سے تاحال اس نوٹیفکیشن پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سیاسی و سماجی حلقوں میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ راولاکوٹ میں ممکنہ پولیس کارروائی کے پیش نظر کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ راولاکوٹ میں ایکشن کمیٹی کا دھرنا گزشتہ کچھ عرصے سے جاری ہے اور شرکا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ اب تمام نظریں 16 جون کو متوقع پولیس کارروائی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مرکوز ہیں۔
![]() |
| انسپکٹر جنرل ازاد کشمیر پولیس کی طرف سے پریس ریلیز کی کاپی۔ |


0 Comments