کوئی حکومتی فارمولا منظور نہیں، مہاجرین نشستوں کا مکمل خاتمہ ہوگا؛ شوکت نواز میر | AJK Desk

مظفرآباد (آزاد کشمیر) - 05 مئی 2026

 حکومتی پیش کردہ فارمولا قطعاً منظور نہیں۔ مہاجرین نشستوں کو محدود کرنے کے بجائے ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایک دفعہ پھر ریاست گیر احتجاج شروع کیے جائیں گے۔ 

شوکت نواز میر کی میڈیا سے گفتگو۔ 

کوئی حکومتی فارمولا منظور نہیں، مہاجرین نشستوں کا مکمل خاتمہ ہوگا؛ شوکت نواز میر | AJK Desk

تفصیلات کے مطابق حکومت آزاد کشمیر، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک ترمیم پیش کرنے جارہی ہے کہ جس میں جموں و کشمیر مہاجرین کی نشستوں کو محدود کرنے کی قانون سازی زیرِ غور ہے۔یہ ترمیم پی پی حکومت آمدہ دنوں میں پیش کرے گی جس کے اکثریت رائے سے منظور ہونے کے امکانات واضح ہیں۔

اس پر ممبر کور کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے کیے گئے وعدوں سے مکر رہی ہے۔ مذاکرات میں یہ بات طے پائی تھی کہ آزاد کشمیر اسمبلی سے مہاجرین نشستوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔یہ نشستیں آزاد کشمیر خزانے پر بوجھ ہیں اور حکومت کو یرمغال بنائے ہوئے ہیں۔ 

اگر ان مہاجرین نشستوں کا مکمل خاتمہ نہ کیا گیا اور حکومت نے من مرضی کی کوئی بھی ترمیم پاس کروائی تو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک دفعہ پھر ریاست گیر احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ ہم امن عامہ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ لیکن حکومت ناجائز حربے استعمال کرکے ہمیں مجبور کررہی ہے کہ ہم ایک دفعہ پھر سڑکوں پر نکلیں۔ انھوں نے آزاد کشمیر بھر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران کے خلاف ہونے والی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور اسے حکومت کا ناقص حربہ قرار دیا۔ 

شوکت نواز میر نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ اگر ان مہاجرین نشستوں کا مکمل خاتمہ نہ کیا گیا تو 05 جون 2026 کو دوبارہ ریاست گیر احتجاج کی کال دے دی جائے گی۔ اس کے بعد پھر ہم آزاد کشمیر میں آمدہ الیکشن بھی نہ ہونے دیں گے۔اور اس کی ذمہ داری پی پی حکومت اور ریاستی اداروں پر ہوگی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post