ویو پوائنٹ پارک میرپور؛ انتظامیہ کی توجہ کا منتظر | AJK Desk

 میرپور (آزاد کشمیر) - 4 مئی 2026

آزاد کشمیر کے خوبصورت شہر میرپور میں واقع ویو پوائنٹ پارک میرپور اس وقت انتظامی غفلت کی واضح مثال بن چکا ہے۔ کبھی شہریوں کے لیے تفریح اور سکون کا مرکز رہنے والا یہ پارک اب ٹوٹ پھوٹ اور بے حالی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

ویو پوائنٹ پارک میرپور؛ انتظامیہ کی توجہ کا منتظر | AJK Desk

کچھ عرصہ قبل بلدیہ میرپور کی جانب سے پارک کی تزئین و آرائش کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا۔ ابتدائی مراحل میں شاخ تراشی اور صفائی کے کام شروع کیے گئے اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ پارک کو جدید انداز میں بحال کر کے عوام کے لیے دوبارہ کھولا جائے گا۔ تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ ادھورا رہ گیا اور کام عملی طور پر بند ہو چکا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق پارک سے درخت کاٹنے کے بعد متعلقہ ٹیمیں غائب ہو گئیں اور اب کوئی ادارہ اس کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ پارک کے جھولے خستہ حال ہو چکے ہیں جبکہ گھاس اور پودے بے ترتیب بڑھ کر جنگل کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

شام کے وقت پارک میں رش اب بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ بچے انہی خراب جھولوں پر کھیلتے ہیں جبکہ بزرگ اور نوجوان واک کے لیے آتے ہیں، مگر سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ صفائی کا عمل بھی مستقل نہیں۔ مالی حضرات کبھی کبھار کام کر جاتے ہیں، لیکن مجموعی حالت بدستور خراب ہے۔

اہل علاقہ نے میرپور انتظامیہ، بلدیہ اور ضلع کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پارک کی فوری بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے عوامی مقامات نہ صرف شہریوں کی تفریح بلکہ نئی نسل کی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے بھی نہایت اہم ہیں۔

اگر بروقت توجہ نہ دی گئی تو یہ پارک مکمل طور پر تباہی کا شکار ہو سکتا ہے، جو شہریوں کے لیے ایک بڑے نقصان سے کم نہیں ہوگا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post